بھٹکل 25 جون (ایس او نیوز ) بنگلور۔کاروار ٹرین پر انکولہ سفر کرنے کے دوران ایک خاتون کا موبائل اور اے ٹی ایم کارڈ چوری کرکے فرار ہونے کے معاملے میں بھٹکل پولس نے دو چوروں کو مرڈیشور میں گرفتار کرلیا ہے اور ان کے پاس سے چوری شدہ موبائل اور اے ٹی ایم کارڈ برآمد کرلیا ہے۔
پولس نے بتایا کہ حسینہ نامی خاتون بنگلور سے انکولہ کے لئے ٹرین پر سفر کررہی تھی کہ راستے میں ہی اس کا موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈ کسی نے چوری کرلیا، انکولہ ریلوے اسٹیشن پہنچتے ہی خاتون نے ریلوے پولس کو چوری کی شکایت درج کروائی جس کے بعد پولس حرکت میں آگئی ۔ ریلوے پولس بھٹکل پولس کی مدد سے جمعرات کو دونوں چوروں کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
بتایا گیا ہے کہ ریلوے پولس نے ریلوے پولس انسپکٹر ششو پال سنگھ کی قیادت میں سی سی ٹی وی فوٹیج کو کنگالتے ہوئے پایا کہ ٹرین منکی ریلوے اسٹیشن پر کراسنگ کے لئے رُکی تھی جہاں دو لوگ ٹرین سے اُترتے ہوئے دیکھے گئے، شک کی بنیاد پر اُن کی تلاش کردی گئی اور بھٹکل پولس نے ان دونوں کو مرڈیشور بیچ پر گرفتار کرلیا۔ جب ان سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے پولس ان کے لاڈج پر پہنچی تو چوری شدہ موبائل اور اے ٹی ایم کارڈ برآمد کرلیا گیا۔ موبائل کی مالیت 12 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔
مبینہ چوروں کی شناخت بنگلور نیلمنگلا کے رہنے والے نندن (20) اور شری یاس کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بھٹکل پولس نے دونوں گرفتار شدگان کو منکی پولس کے حوالے کردیا ہے اور متعلقہ خاتون حسینہ کو چوروں کی گرفتار ی کے متعلق خبر کی گئی ہے۔ پولس اس تعلق سے مزید چھان بین کررہی ہے۔